ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات ہوئے، جہاں لاکھوں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔
تفصیلات کے مطابق، عید الاضحی پر سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے، نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں لاکھوں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی نماز عید روح پرور اجتماع ہوا، جہاں لاکھوں فرزندان اسلام موجود تھے۔ اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد، امن و امان، سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ امریکا، کینیڈا اور یورپی ممالک میں بھی آج عید الاضحی ہے۔