کراچی میں عیدالاضحی تک بارش کا امکان نہیں: محکمہ موسمیات

Last Updated On 08 August,2018 10:39 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) کراچی میں اگلے ہفتے تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور اگر آئندہ ہفتے تک خلیج بنگال میں مون سون سسٹم داخل نہ ہوا تو عیدالاضحی تک بارش کا امکان نظر نہیں آ رہا، البتہ بوندا باندی زیادہ ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کے مطابق راولپنڈی میں حالیہ موسلا دھار بارش بھی مون سون سسٹم کی نہیں ہے بلکہ سرد مغربی ہواؤں نے بارش کے الگ سسٹم کو جنم دیا ہے ، جب کہ کراچی میں بارش کا مون سون سسٹم بھارتی علاقے راجستھان، اتر پردیش اور خلیج بنگال سے ہوتا ہوا پہنچتا ہے اور اگلے 15 روز تک بھارت سمیت خلیج بنگال میں مون سون سسٹم بنا ہی نہیں ہے ، اس لیے کراچی میں اگست کے تیسرے ہفتے تک بارش کا امکان نہیں ہے لیکن اگست کے آخر میں سسٹم بن سکتا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ کراچی میں گزشتہ برسوں کا مون سون بارشوں کا تناسب جولائی اور اگست ملاکر اوسط 136 ملی میٹر رہا ہے اور ابھی تک کراچی میں رواں مون سون کی ایک ملی میٹر بھی بارش نہیں ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ کراچی میں کئی ہفتوں سے مطلع جزوی یا مکمل ابر آلود رہنے اور کبھی کبھی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہے ۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے بھی اسی طرح کا موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
 

Advertisement