ٹرمپ کے 5 ہزار جھوٹے دعوے

Last Updated On 15 September,2018 09:34 am

واشنگٹن: ( واشنگٹن پوسٹ ) امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی مدت صدارت کے دوران ابتک 5 ہزار سے زائد جھوٹے دعوے کئے ہیں، 7 ستمبر کو ٹرمپ نے صرف ایک دن میں 125 گمراہ کن بیانات دئیے، یہ ایک دن کا نیا ریکارڈ تھا، اس سے ایک دن پہلے انہوں نے 74 جھوٹے دعوے کئے، جن میں سے متعدد مونٹانا میں نکالی گئی مہماتی ریلی کے دوران کئے گئے۔

ٹرمپ کی جانب سے غلط بیانیوں کی سونامی نے ان کے دور صدارت کے 601 ویں دن فیکٹ چیکر ڈیٹا بیس میں 5 ہزار کا نمبر کراس کرنے میں مدد کی۔ ڈیٹا بیس کے مطابق ایک دن میں ٹرمپ کی جانب سے اوسطاً 8.3 دعوے کئے گئے تاہم گزشتہ 9 دنوں میں ٹرمپ نے روزانہ اوسطاً 32 دعوے کئے۔

جب یہ پراجیکٹ صدر کے پہلے 100 دن کیلئے شروع کیا گیا تو اس وقت ان کے روزانہ کئے جانیوالے دعوئوں کی اوسط 4.9 تھی۔ انہوں نے 2 ہزار کا نمبر 8 ماہ قبل 10 جنوری کو کراس کیا۔ 5 ہزارواں دعویٰ وہ ٹویٹ تھا جس میں خصوصی تفتیش کار رابرٹ ایس ملر کی سربراہی میں کی جانیوالی تفتیش بارے کہا گیا تھا کہ روسی مداخلت کا عذر ڈیمو کریٹس کی جانب سے الیکشن ہار نے کی وجہ سے کیا گیا۔

قریباً 140 موقعوں پر صدر نے غلط دعویٰ کیا کہ روسی تحقیقات دھوکہ تھیں لیکن 2016 کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کیلئے روسی کوششوں بارے معلومات انٹیلی جنس کمیونٹی نے دی تھیں اور خفیہ دستاویزات میں شائع ہوئی تھیں جن میں ایجنسیز نے کہا تھا کہ وہ بہت زیادہ پراعتماد ہیں کہ یہ معلومات درست تھیں۔ ٹرمپ کے تقریباً ایک تہائی 1573 دعوے معاشی مسائل، تجارتی معاہدے اور ملازمتوں سے متعلق تھے۔ ٹرمپ اکثر نئی ملازمتوں کا کریڈٹ لیتے ہیں اگرچہ ان کے دور صدارت کے دوران ملازمتوں کے پیدا ہونے کے شرح میں کمی آئی ہے۔