سابق امریکی صدر ایچ ڈبلیو بش 94 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

Last Updated On 01 December,2018 11:21 am

ہیوسٹن: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ایچ ڈبلیو بش 94 سال کی عمر میں ہیوسٹن میں انتقال کرگئے، وہ 1989 سے 1993 تک امریاک کے صدر رہے۔

امریکا کے اکتالیس ویں صدر جارج ایچ ڈبلیو بش خون میں انفیکشن پھیلنے کی وجہ سے ہیوسٹن کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ سینیئر بش 1989 سے 1993 کے عرصے میں امریکا کے صدر رہے، وہ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے والد تھے، ان کے ایک بیٹے جب بش فلوریڈا کے گورنر رہ چکے ہیں۔

جارج ایچ ڈبلیو بش نے چار دہائی سے جاری سرد جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سویت یونین کے ٹوٹنے پر ایٹمی خطرات کو کم کرنے کے علاوہ 1991 میں کویت سے عراقی فوجوں کو نکال باہر کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔

مسٹر بش کانگریس کے رکن، اقوام متحدہ اور چین میں سفیر رہنے کے علاوہ خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے طور پرفرائض بھی انجام دے چکے تھے۔