طالبان کا سینئر کمانڈر عبدالمنان فضائی حملے میں ہلاک

Last Updated On 02 December,2018 08:39 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صوبے ہلمند میں امریکی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی میں طالبان کمانڈر عبدالمنان 29 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ملا عبدالمنان نے کئی بار سرحد پار سے پاکستانی فورسز پر حملے بھی کیے تھے۔

افغان طالبان کا سینئر کمانڈر عبدالمنان فضائی حملے میں ہلاک ہو گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے حکام کے حوالے سے تصدیق کر دی۔ ملا عبدالمنان کئی بار سرحد پار سے پاکستانی فورسز پر حملے بھی کر چکا ہے۔

جنوبی صوبے ہلمند میں افغان اور امریکی سپیشل فورسز نے فضائی حملہ کیا جس میں طالبان کمانڈر عبدالمنان اپنے 29 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ عبدالمنان ہلمند میں طالبان کا صوبائی کمانڈر تھا جہاں افغان اور غیر ملکی فورسز کو سب سے زیادہ جانی نقصان کا سامنا رہا ہے۔

ملا عبد المنان کو جنوبی افغانستان میں طالبان کا اہم کمانڈر بھی سمجھا جاتا تھا۔ عبدالمنان کی ہلاکت کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جہاں افغانستان میں جاری سترہ سالہ جنگ کے خاتمے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔