افغانستان میں امن کا عمل خطرات سے دو چار

Last Updated On 05 March,2019 01:39 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکا کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تازہ شدید کشیدگی ایک تیسرے ملک کو متاثر نہ کرے۔ یہ ملک افغانستان ہے، جہاں 17 برسوں سے زائد عرصے سے جاری جنگ میں امریکا کو اب طالبان کے ساتھ قیام امن کی امید ہے۔ اس پس منظر میں امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکاروں نے بتایا کہ امریکا نے اسلام آباد میں پاکستان کے اعلیٰ حکام سے رابطوں میں اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے ساتھ کسی بھی مسلح تصادم کے خطرے کو کم کیا جائے۔ ان رابطوں کے دوران اسلام آباد کی طرف سے مبینہ طور پر امریکہ کو افغانستان کے حوالے سے ‘تنبیہی پیشکشیں’ بھی کی گئیں۔

ایک امریکی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی حکام کی طرف سے امریکا سے کہا گیا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے مابین موجودہ کشیدگی ایک باقاعدہ اور بھرپور ‘بحران’ کی شکل اختیار کر گئی، تو اس سے اسلام آباد کی افغان امن مذاکرات کے لیے تائید و حمایت کی اہلیت بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔ ایک اور اعلیٰ امریکی اہلکار نے پاکستان کی طرف سے واشنگٹن تک پہنچائی گئی تنبیہات میں دئیے گئے پیغام کو دوہراتے ہوئے بتایا، ‘‘وہ ان مذاکرات کے سہولت کار ہونے سے ہاتھ کھینچ لیں گے۔ وہ اس دباؤ سے بھی ہاتھ کھینچ لیں گے، جو وہ (افغان طالبان پر) ڈال رہے ہیں۔’’

پاکستان ایک سے زائد مرتبہ اور باضابطہ طور پر ان الزامات کی تردید کر چکا ہے کہ پلوامہ میں ہوئے خود کش بم حملے میں اس کا کسی بھی قسم کا کوئی کردار تھا۔ اب جب کہ امریکا افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کر چکا ہے اور اس عمل میں پاکستان نے پس پردہ رہتے ہوئے طالبان کو مذاکرات کی میز تک لانے میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے، واشنگٹن یہ نہیں چاہتا کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے مابین کشیدگی سے امریکا کے افغان طالبان کے ساتھ کسی ممکنہ امن معاہدے کے لیے بات چیت پر اثر پڑے اس سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سابق اعلیٰ اہلکار لارل ملر نے بتایا، ‘‘میرے خیال میں پاکستان اس بات کا اہل ہے کہ (افغانستان میں) قیام امن کا راستہ روک دے ۔’’

اسی بارے میں امریکا کے پاکستان اور افغانستان کے لیے سابق خصوصی مندوب ڈین فیلڈمین نے بتایا کہ پاکستان میں کئی اعلیٰ حکام ایسے ہیں جو بھارت کے ساتھ روابط کے نگران بھی ہیں اور افغانستان کے ساتھ تعلقات کے بھی۔ ‘‘اسی لیے وہ افغان امن مذاکرات پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔’’ڈین فیلڈمین کے مطابق امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ نے جنوبی ایشیا پر اپنی توجہ کے جس فقدان کا اب تک مظاہرہ کیا ہے، وہ مختلف مسائل کی وجہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘ٹرمپ انتظامیہ کو اس خطے کے لیے اپنی حکمت عملی میں زیادہ گہری اور مرکوز سوچ اور پھر اسی سوچ پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔’’
 

Advertisement