رافیل ڈیل کی دستاویزات چوری، اٹارنی جنرل کا انڈین سپریم کورٹ میں انکشاف

Last Updated On 06 March,2019 03:47 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں رافیل طیاروں کے معاملے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے، حکومت نے سپریم کورٹ میں بتایا ہے کہ رافیل طیاروں کے معاہدے کی فائل وزارت دفاع سے چوری ہو گئی۔ اس سنگین لاپرواہی نے بھارت کے پورے سکیورٹی نظام کا پول کھول دیا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ میں سب اُس وقت دانتوں تلے انگلیاں دبائے رہ گئے جب مودی سرکار کے اٹارنی جنرل نے انکشاف کیا کہ فرانس سے رافیل ڈیل کی دستاویز وزارت دفاع سے چوری ہوگئی ہے۔

کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ رافیل طیاروں کی ڈیل مذاکراتی ٹیم کی بجائے اجیت دوول نے کروائی جنہوں نے مودی کے دوست امبانی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے معاملے کی ایف آئی آر درج کرنے اور تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اٹارنی جنرل کے جواب پر سپریم کورٹ بھی حیران رہ گئی، عدالت نے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

بھارت کی وزارت دفاع سے اس قدر اہم فائل کی چوری نے بھارت کی سکیورٹی اور اہلیت پر بھی کئی سوال اٹھا دیئے ہیں۔