کیلی فورنیا: یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ سے خاتون ہلاک، 3 افراد زخمی

Last Updated On 29 April,2019 03:34 pm

پووے: (دنیا نیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر پووے کی یہودی عبادت گاہ پر فائرنگ سے خاتون ہلاک ہو گئی جبکہ ایک راہب سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے ایک 19 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے، امریکی صدر نے واقعے کی تہہ تک جانے کا عندیہ دے دیا۔

یہودی عبادت گاہ سائناگاگ میں ’پاس اور کی  تقریب کے دوران ایک شخص نے گولیاں چلا دیں، فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نفرت پر مبنی جرم دکھائی دیتا ہے اور وہ واقعے کی تہہ تک جائیں گے۔

کیلیفورنیا پولیس نے ایک انیس سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایک آن لائن خط کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مشتبہ شخص نے گاڑی کی اگلی سیٹ پر رائفل رکھی ہوئی تھی۔