ایران اور برطانیہ آمنے سامنے، خلیج فارس میں جھڑپ ہوتے ہوتے رہ گئی

Last Updated On 12 July,2019 03:44 pm

لندن: (دنیا نیوز) ایران اور برطانیہ کی نیوی کی جھڑپ ہوتے ہوتے رہ گئی، برطانوی حکام کا کہنا ہےکہ خلیج فارس میں ایرانی کشتیوں نے برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے کی کوشش کی، برٹش نیوی نے بندوقوں کا رخ کیا تو کشتیاں واپس چلی گئیں۔ دوسری جانب انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے اجلاس میں بھی گرما گرمی ہوئی، تہران نے واشنگٹن کو معاشی دہشت گرد قرار دیدیا۔

ایران اور برطانیہ آبنائے ہرمز میں آمنے سامنے آتے آتے رہ گئے، برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان کےمطابق خلیج فارس میں ایران کی پانچ کشتیوں نے برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

"ہیریٹیج ٹینکر" آبنائے ہرمز کراس کر رہا تھا کہ ایران کے پاسداران انقلاب کی تین کشتیاں اس کے قریب آ گئیں۔ برطانوی بحریہ نے اپنی توپوں کا رخ ایرانی کشتیوں کی جانب کر لیا اور انہیں وائر لیس کے ذریعے وارننگ دی گئی کہ وہ اس مقام سے دور ہو جائیں۔

ایرانی وزیرخارجہ نے واقعے کی تردید کی ہے۔ گزشتہ ہفتے برطانیہ نے جبرالٹر کے پانیوں میں ایک ایرانی ٹینکر کو قبضےمیں لیا تھا۔ جس پر ایران نے برطانیہ کو جوابی نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔

ادھر ایران انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ کےدوران امریکا پر برس پڑا اور سپر پاور کو معاشی دہشت گرد قرار دے دیا۔