عازمین حج کو رواں برس 10 لاکھ سم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کی جائیگی

Last Updated On 19 July,2019 01:21 pm

جدہ: (ویب ڈیسک) عازمین حج کو عزیز و اقارب سے رابطے کیلئے 10 لاکھ سم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کی سہولت تحفے میں ملے گی، یہ اقدام سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کی خدمت کے پروگرام کا حصہ ہے۔

عازمین کو جدہ کی کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ آمد پر موبائل سمیں مہیا کی جائیں گی، رواں سال حج سیزن کے دوران متعدد فیلڈ ٹیمیں عازمین حج کو اس سروس کی فراہمی کیلئے چوبیس گھنٹے کام کریںگی۔

مذکورہ منصوبہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی ہدایت پرعازمین حج کی خدمت کی کوششوں کا حصہ ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان اور دوسرے ممالک سے مدینہ ائیرپورٹ آنے والے عازمین کو مفت سمز فراہم نہیں کی گئیں تاہم موبائل فون کمپنیوں نے حجاج کی رہائشگاہ کے باہر کاونٹرز قائم کئے ہیں جہاں وہ بائیو میٹرک تصدیق کے بعد مفت سم کارڈز حاصل کرسکتے ہیں۔

مدینہ میں عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی، مسجد نبوی کی جانب جانے والی شاہراہوں پر چار سعودی موبائل فون کمپنیوں موبلی، زین، لیبرا اور ایس ٹی ایس کے نمائندوں نے حاجیوں کی سہولت کیلئے سٹالز قائم کر رکھے ہیں۔