امریکی صدر ٹرمپ کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر میں ثالثی کی پیش کش

Last Updated On 02 August,2019 11:04 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر میں ثالثی کی پیش کش کر دی۔ انہوں نے کہا پاکستانی وزیراعظم اور نریندر مودی شاندار انسان ہیں۔

واشنگٹن میں رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بات دوہرائی۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کا انحصار نریندر مودی پر ہے، میری عمران خان سے ایک اچھی ملاقات ہوئی ہے، عمران خان اور نریندر مودی دونوں شاندار شخصیات ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا خان اور مودی دونوں مسئلہ کشمیر حل کر سکتے ہیں، لیکن اگر وہ چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کو حل کرنے میں کوئی ان کی مدد کرے اور میں نے پاکستان سے اس سلسلےمیں بات کی اور بھارت سے بھی بات چیت کی تھی یہ ایک طویل عرصے سے جاری رہنے والا مسئلہ ہے اگر میں کرسکا اور اگر انہیں میری ضرورت ہوئی تو میں ضرور مدد کروں گا۔

اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے امریکا دورے کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارتی پردھان منتری نے مسئلہ کشمیر میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے کہا تھا۔ جس کے بعد کئی دہائیوں سے وادی پر قابض بھارت میں جیسے بھونچال آگیا۔ بھارتی میڈیا نے ٹرمپ کو جھوٹا قرار دیا تھا، اپوزیشن نے بھی وزیراعظم نریندر مودی کو خوب کھری سنائی۔

Advertisement