پاکستان افغانستان میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا، آرمی چیف

Last Updated On 02 August,2019 11:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

اس اہم ملاقات میں افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کی کوششوں پر تبادلہ خیال جبکہ مشترکہ مقاصد کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خطے میں امن یقینی بنانے کیلئے مستند یقین دہانی کرانا ہوگی، زلمے خلیل

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا کہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امید ہے دیگر فریقین بھی اسی جذبے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اس موقع پر پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے اپنی بھرپور کوشش اور کردار ادا کرے گا۔
 

 

Advertisement