مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے: ایران

Last Updated On 21 August,2019 06:10 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر سیّد علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر سے دباؤ ختم کرے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر سیّد علی خامنہ ای نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی کے لیے شفاف پالیسی اختیار کرے۔


ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار مسلم اکثریتی علاقے پر سے دباؤ ختم کرے، پاکستان اور بھارت کو الجھائے رکھنے کے لیے برطانیہ نے جان بوجھ کر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا۔ تناؤ کو طول دینے کے لیے برطانیہ نے مسئلہ کو بغیر حل کے رہنے دیا۔

ایک اور ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حالت کافی بدتر ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے اور کرفیو کو ختم کرے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بھارت وادی میں بدترین کرفیو لگائے بیٹھا ہے، لوگوں کو ہراساں کیے جانے کے ساتھ ساتھ گرفتار بھی کیا جا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ تنہا نہیں ہیں، ایران میں رہنے والوں کی بڑی تعداد کشمیریوں کیساتھ ہے۔ کشمیر پر دنیا نے بھی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 

Advertisement