سمندری طوفان ڈوریان سے کینیڈا میں تباہی، بہاماس میں 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر

Last Updated On 09 September,2019 03:04 pm

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) سمندری طوفان ڈوریان بہاماس اور امریکہ کے بعد اب کینیڈا میں تباہی مچا رہا ہے۔ کینیڈا کے ساحلوں پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ بہاماس میں ستر ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ پچاس افراد کی جان گئی۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے متاثرہ افراد کو خوراک اور رہنے کے لیے جگہ کی فوری ضرورت ہے۔

سمندری طوفان ڈوریان امریکہ سے ہوتا ہوا کینیڈا جا پہنچا، کینیڈا کے ساحلوں پر طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ طوفان کے باعث تیز ہوائیں چل رہی ہیں، درخت گر گئے ہیں۔ نوا سکوٹیا میں زیر تعمیر عمارت کی کرین گر گئی جس سے آس پاس کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

ڈوریان بہاماس میں اپنے پیچھے تباہی کے مناظر چھوڑ گیا، سیکڑوں گھر تباہ ہو گئے جس سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ تباہ شدہ گاڑیاں سڑکوں پر پڑی ہیں۔ لوگ حسرت سے اپنے برباد علاقوں کو دیکھ رہے ہیں۔

بہاماس کے شہر ناساؤ میں مہاجرین کے کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ اقوام متحدہ نے متاثرہ افراد کے لیے خوراک اور شیلٹر کی اپیل کی ہے، مختلف ممالک کی طرف سے امدادی سامان بھی بہاماس پہنچ رہا ہے۔