ہانگ کانگ انتظامیہ کی مسجد پر واٹر کینن کے ذریعے نیلا رنگ پھینکنے پر معذرت

Last Updated On 21 October,2019 06:51 pm

ہانگ کانگ: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ کی حکومت نے جامع مسجد میں واٹر کینن کے ذریعہ نیلا رنگ پھینکے پر معذرت کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حکومت مخالف اور آزادی کے حق میں احتجاج کیا جا رہا ہے، اس دوران حکومت نے بھی مظاہرین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے منتشر کرنے کیلئے ان پر نیلے رنگ سمیت آنسو گیس و دیگر طریقے استعمال کیے۔ اس دوران گزشتہ روز مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے نیلا پانی استعمال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت کی طرف سے جامع مسجد پر واٹر کینن کے ذریعہ نیلا رنگ پھینکنے پر معذرت کی گئی ہے، مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران جامع مسجد کولون کے گیٹ کا بیرونی حصہ رنگ سے متاثرہوا۔

رنگ متاثر ہونے کے بعد ہانگ کانگ کی سربراہ اقدام پر معذرت کرنے کے لیے جامع مسجد کولون پہنچ گئیں، ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لام گلے میں دوپٹہ ڈال کر مسجد آئیں۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے مسجد سے رنگ کی صفائی میں حصہ لیا۔

اس موقع پر اسلامی کمیونٹی فنڈ کے رہنما سعید الدین کا کہنا تھا کہ ہماری مسجد کو نقصان نہیں پہنچا، کچھ غلط نہیں ہوا، حکام نے ہم سے معذرت کی جو ہم نے قبول کر لی ہے، ہانگ کانگ میں تین لاکھ کے قریب مسلمان رہتے ہیں، یہاں پر پانچ مساجد ہیں جبکہ دو مسلمانوں کے بڑے قبرستان ہیں۔