کرونا وائرس: روس، پاکستان سمیت دیگر ممالک مدد کر رہے ہیں: چین

Last Updated On 01 February,2020 08:34 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے نجات کے لیے روس، پاکستان، کوریا اور بیلاروس ہماری مدد کر رہے ہیں۔ دوست وہ جو مصیبت میں کام آئے۔

تفصیلات کے مطابق چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، مہلک بیماری کے باعث 259 افراد ہلاک زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ گلف نیوز کے مطابق اس بیماری سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 79 ہزار ہے یہ تعداد صرف چینی صوبے ووہان کی ہے، کرونا وائرس چین سے ہوتا ہوا 20 ممالک تک پھیل چکا ہے، متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں جبکہ کچھ نے لوگوں کو چین سے نکال لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترجمان چینی وزارت خارجہ جینگ شوانگ نے لکھا کہ کرونا وائرس سے نجات کے لیے روس،پاکستان،کوریا اوربیلاروس چین کی مدد کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں، چین کی یقین دہانی

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلفونک رابطہ کرکے کرونا وائرس کے حملے اور متاثرہ علاقوں کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستانی ہم منصب کو مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے حملے پر بریف کرتے ہوئے حکومت کے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وانگ ژی کا کہنا تھا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کے حوالے چینی حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے۔ چینی حکومت پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کرتے ہوئے اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی بالخصوص چین میں زیر تعلیم طلبہ کو اس وبا سے بچانے کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کےترجمان کا کہنا تھا کہ فرانس، جرمنی، ملائیشیا اور یونیسیف سمیت کئی دیگر ممالک چین کو مدد فراہم کررہے ہیں، سب کا شکریہ،دوست وہ جو مصیبت میں کام آئے۔
 

Advertisement