قرنطینہ سے بھاگنے والے بھارتی شہری کے کاٹنے سے خاتون ہلاک

Last Updated On 30 March,2020 04:46 pm

چنائی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں کورونا وائرس کا ایک مشتبہ مریض قرنطینہ سے برہنہ حالت میں فرار ہو گیا اور ایک عمر رسیدہ خاتون کو کاٹ لیا جس سے خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں ایک 32 سالہ شخص کو سری لنکا سے واپس آنے پر گھر میں قرنطینہ کیا گیا تھا۔ مذکورہ شخص معمولی علامت ظاہر ہونے پر خوف اور گھبراہٹ کا شکار ہو گیا اور گھر سے برہنہ حالت میں فرار ہو گیا۔

اضطرابی حالت میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے ایک عمر رسیدہ عورت کو گردن پر کاٹ لیا جس پر خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا تاہم خاتون نے دوران علاج دم توڑ دیا۔

کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کو پولیس نے پکڑ کر مقامی ہسپتال میں داخل کرایا جہاں ضروری ٹیسٹ لینے کے علاوہ دماغی اور نفسیاتی معائنہ بھی کیا گیا۔ معالجین کے مطابق خوف، گھبراہٹ اور دباؤ کے باعث مریض کا دماغی توازن بگڑ گیا ہے۔