خادم الحرمین الشریفین کا سماجی دوری کے اصول پرعمل درآمد کا خیرمقدم

Last Updated On 24 May,2020 12:38 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پرملک کے شہریوں اور مقیم غیرملکی تارکین وطن کی جانب سے کورونا کی وبا کے پیش نظر سماجی دوری اختیار کرنے اور صحت کےحوالے سے وضع کردہ طریقہ پرعمل درآمد کا خیر مقدم کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے عید سے متعلق خصوصی پیغام میں سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی گئی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کے شہریوں اور تارکین وطن کی طرف سے کورونا کی وبا کی روک تھام کے لیے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر اور وزارت صحت کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد پر شہریوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت نہ صرف مملکت کے شہریوں بلکہ ملک میں مقیم غیرملکیوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت مملکت کے شہریوں کی آرام و راحت کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔ خادم الحرمین الشریفین نے کورونا کی وبا کے خلاف نبرد آزما سرکاری اور نجی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
 

Advertisement