سعودی حکومت کا عید الفطر کی چھٹیوں پر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 13 May,2020 05:50 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران میں 23 مئی سے 27 مئی تک 24 گھنٹے کا کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ رمضان کے اختتام تک شہروں میں نافذ کرفیو میں نرمی جاری رہے گی۔

سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق لوگوں کو صبح 9 بجے سے 5 بجے تک روزانہ اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت ہے۔ وہ اشیائے ضروریہ کی خریداری یا دوا دارو اور ضروری کاموں کے لیے گھروں سے باہر جاسکتے ہیں۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں بدستور مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ رہے گا اور یہ پابندیاں رمضان کے اختتام اور پھر عید الفطر کے ایام میں بھی جاری رہیں گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے 26 اپریل کو ملک بھر میں نافذ کرفیو میں جزوی نرمی کا اعلان کیا تھا اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کردی تھی۔ تاہم مکہ مکرمہ اور بعض دوسرے علاقوں میں نافذ لاک ڈاؤن کو نہیں ہٹایا گیا تھا اور اس کو 13 مئی تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔منگل کو اب اس میں رمضان کے آخر تک توسیع کردی گئی ہے۔

دریں اثناء سعودی عرب نے کرونا وائرس کے 1911 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اس مہلک وَبا کا شکار نو افراد وفات پاگئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 42925 ہوگئی ہے۔ان میں 264 افراد وفات پا چکے ہیں۔
 

Advertisement