کراچی طیارہ حادثہ : شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کا اظہار افسوس

Last Updated On 23 May,2020 06:11 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) کراچی میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کے افسوسناک حادثے پر سعودی حکومت کی جانب سے بھی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے کنگ شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر مملکت عارف علوی کو اپنے پیغام بھجواٰئے، شاہ سلمان اور شہزاہ محمد بن سلمان نے زخمیوں کی فوری صحت یابی کے لیے خواہشات کا اظہار کیا۔


دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی جانب سے کہا گیا کہ سعودی حکومت کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پاکستانی مسافر طیارے کے متاثرین اور حادثے کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر مزید لکھا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے عوام اس افسوسناک واقعے میں برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ پی آئی اے طیارہ حادثے میں اب تک 97 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ 2 افراد زندہ بچ گئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 8303 میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے۔ جائے حادثہ سے تمام میتوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کی ترجمان نے بتایا ہے کہ 66 میتوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 31 افراد کی لاشیں سول ہسپتال کراچی لائی گئی ہیں۔
 

Advertisement