افغانستان میں قیام امن کی جانب ایک اور قدم، افغان صدر نے مذاکرات کے آغاز کا عندیہ دیدیا

Last Updated On 28 July,2020 09:57 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغان صدر اشرف غنی نے امید کی شمع روشن کرےے ہوئے بیان دیا ہے کہ ایک ہفتے بعد طالبان سے براہ راست مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔

زلمے خلیل زاد انٹرا افغان مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد پاکستان پہنچیں گے۔ اُدھر طالبان نے عید کے دوران تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا جس کی پاسداری افغان فورسز بھی کریں گی۔

کابل میں میڈیا بریفنگ کے دوران اشرف غنی کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے تبادلہ کا عمل جلد مکمل ہوگا جس کے بعد طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہونگے۔

اُدھر امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد انٹرا افغان مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے چار ملکی دورے پر اوسلو پہنچے جہاں ناروے کے وزیر خارجہ کو افغان امن عمل میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ زلمے خلیل زاد اوسلو کے بعد پاکستان اور قطر کا بھی دورہ کریں گے۔

دوسری جانب طالبان نے عید الاضحیٰ کے دوران تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا جس کا آغاز جمعہ سے ہوگا۔ افغان صدر اشرف غنی نے بھی فوج کو جنگ بندی کی پاسداری کرتے ہوئے عید کے دوران عسکری کارروائیاں
نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔