خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) ایران جنگ کے سٹاک مارکیٹس پر اثرات واضح نظر آنے لگے ہیں، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا اختتام تاریخ میں دوسری بار ریکارڈ گراوٹ سے ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس سال کی دوسری بدترین مندی سے 11 نفسیاتی حدیں کھو بیٹھا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھنے میں آئی۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران 9780 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 47 ہزار 715 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جس کے بعد سٹاک ایکسچینج میں کاروبار ایک گھنٹے کیلئے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
کاروبار دوبارہ شروع ہونے پر شدید مندی کا سلسلہ برقرار رہا، سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 13 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 44 ہزار 119 پوائنٹس کی سلطح پر آ گیا۔
بعدازاں ٹریڈنگ کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس 11 ہزار 15 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 46 ہزار 480 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سٹاک ایکسچینج میں 567 کمپنیوں میں سے 33 کمپنیوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 386 کمپنیوں میں کمی ہوئی، آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 37 ارب روپے مالیت کے 62 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس ایک لاکھ 57 ہزار 496 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر ایشین سٹاک مارکیٹس بھی مندی کا شکار ہیں۔
جاپان کی سٹاک مارکیٹ انڈیکس نکئی میں تقریباً 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس بھی تقریباً 7 فیصد تک گر گیا، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی ڈھائی فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی، بھارت کا نفٹی انڈیکس بھی 3 فیصد تک گر گیا۔
اس کے علاوہ خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی، برطانیہ اور یورو سٹاکس میں بھی ایک فیصد سے زائد گراوٹ ریکارڈ کی گئی، امریکی سٹاک مارکیٹ میں بھی مجموعی طور پر ایک فیصد کی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔