سندھ حکومت کا غربت کے خاتمے، غریبوں کی معاشی بحالی کیلئے بڑا فیصلہ

سندھ حکومت کا غربت کے خاتمے، غریبوں کی معاشی بحالی کیلئے بڑا فیصلہ

صوبائی وزیر لائیو سٹاک محمد علی ملکانی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں مستحق خاندانوں کو دودھ دینے والے جانور فراہم کئے جائیں گے۔

محمد علی ملکانی نے کہا کہ غریب خاندانوں کو جانوروں کی فراہمی  پرو پوئرسوشل پروٹیکشن اینڈ اکنامک سسٹین ایبلٹی پروگرام  کے تحت ہوگی۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہر ضلع میں غریبوں کی مدد کریں گے، بیوہ اور یتیم خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی۔

محمد علی ملکانی نے کہا کہ پروگرام کا آغاز ابتدائی طور پر تھرپارکر اور بدین کے اضلاع سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام میں مکمل شفافیت ہوگی، کسی بھی سیاسی یا سماجی سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا، صرف اصل حقدار اور غریب افراد ہی اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ زیادہ غربت والے علاقوں کی نشاندہی کے لیے ہر یونین کونسل کی سطح پر سروے کیا جائے گا۔

محمد علی ملکانی نے کہا کہ سروے کی بنیاد پر زیادہ متاثرہ اضلاع اور یونین کونسلز کو ترجیح دی جائے گی۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔