برآمدات میں اضافے کیلئے جی ایس پی پلس فریم ورک سے بھرپور استفادہ کیا جائے: اسحاق ڈار

برآمدات میں اضافے کیلئے جی ایس پی پلس فریم ورک سے بھرپور استفادہ کیا جائے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت بین الوزارتی اجلاس ہوا جس میں تجارت اور برآمدات کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے امور پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

اجلاس کے دوران انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق اور ماحولیاتی نظم و نسق سمیت مختلف معاملات پر بین الاقوامی معاہدوں اور وعدوں کے مطابق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت کے فروغ کیلئے کوششوں کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

گندم اور اناج کے وافر ذخائر برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے: نائب وزیراعظم

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں ملک بھر میں اناج کی مجموعی دستیابی کا جائزہ لیا گیا اور مقامی منڈیوں میں گندم کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے درآمدی منصوبوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ گندم اور دیگر اناج کے وافر ذخائر برقرار رکھنا اور ان کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچنا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مناسب قیمتوں پر گندم اور آٹا فراہم کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحانات پر کڑی نظر رکھی جائے، گندم کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رکھا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، متعلقہ سیکرٹریز، تمام صوبوں اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔