ٹیکس دہندگان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے: اسحاق ڈار

ٹیکس دہندگان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے: اسحاق ڈار

ترجمان کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے  اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار اور ٹیکس انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کیے جائیں اور انہیں بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے شکایات کے ازالے کے موجودہ نظام کو مزید مستحکم بنانے اور ٹیکس انتظامیہ کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے سفارشات پر عمل درآمد کی اہمیت بھی اُجاگر کی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے اسحاق ڈار کو ٹیکس نظام میں جاری اصلاحات اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

مزید برآں ملاقات میں ٹیکس دہندگان کی شکایات کے مؤثر حل، ادارہ جاتی تعاون اور ٹیکس انتظامی نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔