ایم سی سی نے لاہور قلندر کو چار وکٹوں سے ہرا دیا

Last Updated On 14 February,2020 11:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایم سی سی کی ٹیم نے دورہ پاکستان کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایم سی سی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سلمان بٹ اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے اور سلمان بٹ 28 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان اور سہیل اختر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

فخر زمان 45 اور سہیل اختر 40 رنز بناکر نمایاں رہے، ایم سی سی کی جانب سے روئے لوف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر ول روڈز اور مائیکل 13 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان کمار سنگاکارا، روی بوپارا اور سمت پٹیل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ایم سی سی نے آخری اوور کی تیسری گیند پر6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں 4 وکٹوں سے قلندرز کو شکست دی۔

روی بوپارہ 41، سمت پٹیل 31 اور سنگاکارا 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کے محمد فیضان نے 2، عثمان شنواری، معاذ خان، دلبر حسین اور فرزان راجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ ایم سی سی ٹیم کی قیادت کمار سنگاکارا کر رہے ہیں جو 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں جب کہ ‏میری لیبون کرکٹ کلب کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان پہنچی ہے۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر (کپتان)، فخر زمان، سلمان بٹ، جاہد علی (وکٹ کیپر)، دلبر حسین، فرزان راجا، محمد فیضان، محمد حفیظ، عثمان شنواری، معاذ خان اور علی ماجد

ایم سی سی: کمار سنگاکارا (کپتان و وکٹ کیپر)، سمت پٹیل، وِ رہوڈز، صَفیان شریف، روس وائٹلے، رولوف وین ڈَر مروے، روی بوپارا، اولیور ہینَن ڈیلبے، مائیکل لیسک، مائیکل برجیس اور فریڈ کلاسِن

ایم سی سی 16 فروری کو پاکستان شاہینز کے خلاف ون ڈے میچ کھیلے گی، 17 فروری کو ناردرن اور 19 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ یہ تینوں میچز ایچی سن کالج میں کھیلے جائیں گے۔
 

Advertisement