شعیب ملک کی ثانیہ مرزا کو 'فیڈر' دینے کی ویڈیو وائرل

Published On 04 November,2021 07:41 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کی اپنی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار کو 'فیڈر' دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اس وقت ٹی 20ورلڈ کپ دیکھنے کے لئے اپنے شوہر شعیب ملک کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں پر وہ اپنی تصاویر اور ویڈیو گاہے بگاہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

گزشتہ دنوں محمد حفیظ،حسن علی اور عماد وسیم کی بیگمات کے ساتھ بھی ثانیہ مرزا نے اپنی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جن کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی پسند بھی کیا گیا تھا۔

اب پاکستانیوں کی بھابھی ثانیہ مرزا کی جانب سے اپنے انسٹاگرام کے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک مختصرسی دلچپسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک بچوں کے سے معصومانہ انداز میں بیٹھے ہوئے ہیں اور ثانیہ مرزا اپنا ہاتھ بڑھاتی ہیں تو قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اپنے بیٹے کی دودھ پینے کی  فیڈر بوتل  کو اہلیہ کے ہاتھ میں تھما دیتے ہیں۔

ویڈیو شیئر ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ قسم کے تبصرے کئےجارہے ہیں اور دونوں کی جوڑی کو خوب سراہا جارہا ہے کہ کس طرح شادی کے 11 سال بعد بھی دونوں بچوں کے سے انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ شرارتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے 2010 میں پاکستان کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کو اپنا ہم سفر منتخب کیا تھا۔

دونوں سپر سٹارز اپنے اپنے کھیل میں خوب شہرت رکھتے ہیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان ملکی سطح پر خراب تعلقات کے باوجود دونوں خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام اذہان مرزا ملک ہے، اذہان سال 2018 میں پیدا ہوا تھا۔

ٹی 20ورلڈ کپ کے میگا ایونٹ میں اس سے قبل ثانیہ مرزا کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جو کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ میچ کی تھی جس میں بھارتی شائقین باؤنڈری کے قریب کھڑے شعیب ملک کو جیجا جی کہہ کر نعرے لگا رہے تھے اور یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔
 

Advertisement