جعلی خبریں
خلاصہ
- مظفرآباد: (دنیا نیوز) ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی مواد کی ترسیل اور انتخابی عملے کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت سے ہیلی کاپٹر طلب کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وفاق سے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کی جو درخواست کی گئی ہے، اس کا مقصد صرف پولنگ کے روز یعنی 27 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے اراکین کے مختلف اضلاع کے دورے کو ممکن بنانا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان اس روز مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کر کے انتخابی عمل کا جائزہ لیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر صرف ایک دن کیلئے فراہم کیا جائے گا اور اسے انتخابی سامان یا عملے کی ترسیل کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ماضی کے عام انتخابات میں بھی چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران پولنگ کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے مختلف اضلاع اور پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرتے رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی نگرانی اور جائزہ لیا جا سکے۔