خلاصہ
- بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) سٹار فٹبالر لیونل میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر سنانے پر ارجنٹینا کی ٹیلی وژن پریزینٹر نے ان کی فیملی سے معافی مانگنے کے بعد استعفیٰ دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق 51 سالہ ٹی وی ہوسٹ فلورینسیا پینا نے خبر پڑھتے ہوئے کہا کہ میں کوئی بری خبر دینا نہیں چاہتی لیکن آپ کو بتائیں کہ میسی کے والد ابھی ابھی وفات پاگئے ہیں، یہ سب کچھ اچانک ہوا، فلورینسیا پینا نے میسی کے والد کی وفات کی خبر ایک لائیو شو کے دوران سُنائی۔
سوشل میڈیا کے ذریعے یہ خبر جلد ہی پھیل گئی اور پورے ارجنٹینا میں ایک سوگ کی سی کیفیت پیدا ہوگئی، اسی دوران پینا نے وضاحت کی کہ وفات کی خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے، یہ خبر جب میسی کی فیملی تک پہنچی تو انہوں نے اس اس کو بے بنیاد قرار دیا۔
میسی کی فیملی نے کہا کہ یہ ضرور ہے کہ میسی کے والد کی طبیعت خراب ہے اور ایک نامعلوم بیماری کے سلسلے میں اُن کا علاج جاری ہے لیکن وہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔
اس بیان کے بعد ٹی وی ہوسٹ پینا نے سوشل میڈیا پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں میسی کی فیملی سے شرمندہ ہوں، مجھے یہ خبر میری پروڈکشن ٹیم نے دی تھی جس کا میں نے اعتبار کرلیا، میں غلطی کا حصہ بننے پر شرمندہ ہوں اور استعفیٰ دے رہی ہوں۔