ملتان: (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے پاکستان سے ملتان ٹیسٹ بھی چھین کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، مہمان ٹیم نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز چار وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سے کیا تھا، چوتھے روز پاکستان کو فہیم اشرف، محمد نواز، سعود شکیل، ابرار احمد اور زاہد محمود کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑے۔
ٹیسٹ کا تیسرا روز:
تیسرے روز کے اختتام پر کریز پر فہیم اشرف اور سعود شکیل موجود تھے، دونوں کے رنز بالترتیب 3 اور 54 تھے۔
عبداللہ شفیق کے ہمراہ اوپننگ کے لیے آنے والے محمد رضوان 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان بابر اعظم ایک رن پر اولی روبنسن کا شکار بنے۔
عبداللہ شفیق کو 45 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، دائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف کے باعث ایم آر آئی کروا کر اسٹیڈیم واپس آنے والے امام الحق 60 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل تیسرے روز مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف دیا گیا۔
ٹیسٹ کا دوسرا روز:
ملتان ٹیسٹ کت دوسرے روز انگلینڈ کے زیک کرالی 3، بین ڈکٹ 79، ول جیکس 4، اولی پوپ 4، جو روٹ 21 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے، ابرار احمد نے 3 وکٹ لیں جب کہ زیک کرالی اور اولی پوپ کو رن آؤٹ کیا گیا۔
انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک 74 اور بین اسٹوکس 16 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔
پاکستان کی اننگز
بعدازاں پاکستانی ٹیم پہلے سیشن میں انگلینڈ کے 281 رنز کے جواب میں محض 202 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 سے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کے 8 بیٹرز دوسرے روز محض 95 رنز مجموعی اسکور میں جوڑ سکے۔
کپتان بابراعظم 75 ، سعود شکیل 63 ، محمد رضوان 10، آغا سلمان 4، محمد نواز 1 جبکہ محمد علی صفر پر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف 22، زاہد محمود صفر جبکہ ابرار احمد نے ناقابل شکست 7 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، جو روٹ نے 2 جب کہ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز:
ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی مداحوں کے لیے کافی اچھا رہا کیونکہ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے انگلش ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ابرار نے ڈیبیو ٹیسٹ میں جن بیٹرز کو آؤٹ کیا ان میں زیک کرالی 19، بین ڈکٹ 63، اولی پوپ 60، جو روٹ 8، ہیری بروک 9، کپتان بین اسٹوکس 30، ول جیکس 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ زاہد محمود نے اولی روبنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن کی وکٹیں حاصل کیں، قومی ٹیم کی بیٹنگ کے آغاز پر اوپنر امام الحق صفر جب کہ عبداللہ شفیق 14پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم اور سعود شکیل نے 90 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر 75 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے تھے۔