لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انجرڈ شاداب خان کو گراؤنڈ سے اسٹریچر کے بجائے کندھوں پر اٹھا کر لے جانے کے معاملے پر انکوائری بٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔
پی سی بی حکام نے میدان میں ایمبولینس اور طبی عملہ موجود ہوتے ہوئے غیر پیشہ وارانہ رویہ اپنانے پر راولپنڈی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے ٹیلیفون پر اظہار برہمی کیا، اس پر پنڈی ٹیم مینجمنٹ نے کہا کہ شاداب کی انجری زیادہ نہیں تھی اس کو سہارے سے پیدل لا رہے تھے۔
ٹیم مینجمنٹ نے مؤقف اپنایا کہ مذاق میں شاداب خان کو کندھے پر اٹھاکر لایا گیا، پی سی بی حکام نے کہا کہ آپ کے غیر پیشہ وارانہ عمل کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مذاق بنا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے پر پی سی بی کی جانب سے تحقیقات کرنے، پنڈی کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ کو شوکاز نوٹس دینے اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران شاداب خان کے پاؤں پر چوٹ آئی تھی، انجری کے باعث پنڈی کے کپتان شاداب خان کو میدان چھوڑنا پڑا تھا۔