گراؤنڈ میں پرفارم کرتا ہوں، کسی کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں: بابراعظم

Published On 12 March,2024 09:18 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ میں تنقید پر دھیان نہیں دیتا ، گراؤنڈ میں پرفارم کرتا ہوں، کسی کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے حوالے سے مجھ پر کسی چیز کا پریشر نہیں، میں نے جو بھی فیصلہ کیا وہ پاکستان کیلئے کیا، میں ون ڈاؤن کھیلنے پر ذاتی طور پر مطمئن نہیں تھا مگر پاکستان کیلئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی گیم کا پتہ ہے، اپنا کھیل روز بروز بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جب عوام بابر، بابر کی آواز لگاتے ہیں تو وہ احساس الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، کوشش کرتا ہوں کہ اپنی پرفارمنس سے فینز کو خوشیاں دوں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ایس ایل میں زلمی کی بہترین ٹیم سلیکٹ کی، شروع میں ہمیں کمبی نیشن بنانے میں مشکلات درپیش آئیں، لیکن صائم کی صورت میں ہمیں اچھا آل راؤنڈر مل گیا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان نے مزید کہا کہ میرا اور صائم کا کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے، ہم ایک پلان بنا کر کھیلتے ہیں، ہم دونوں میں کمیونیکیشن ہوتی ہے، اس کے ساتھ اوپن کر کے اچھا لگتا ہے۔