کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے عیسی نگری میں خالی پلاٹ سے 5 سالہ بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، ملزم نے زیادتی کے بعد وزنی چیز سر پر مار کر بچی کو قتل کیا۔
عیسی نگری کچرا کنڈی سے 5 سالہ بچی ماروا کی تشدد زدہ لاش ملنے کا معاملہ، جناح ہسپتال کی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی۔ ایم ایل او کے مطابق بچی کے جسم میں جھلسنے کے کوئی نشان نہیں ملے۔ لاش خراب ہونے کے بعد پھول گئی تھی۔
پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گیارہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفتیشی پولیس پہلے ہی کیس میں 2 افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔ بچی جمعہ کی صبح سات بجے گھرکے قریب واقع دکان سے بسکٹ لینے نکلی تھی۔ دکان سے بسکٹ لینے کے بعد بچی ماروا گھر نہیں پہنچ سکی تھی۔ گھر سے کچھ فاصلے پر گراونڈ میں واقع کچراکنڈی سے ماروا کی لاش گزشتہ شب ملی۔ ماروا کا والد رکشہ ڈرائیور ہے۔ علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔