لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں جائیداد کے تنازع پر بھائی نے بھائی اور ماں کو قتل کر دیا، ملزم نے واردات کے بعد تھانے جا کر پولیس کو گرفتاری دیدی، پولیس نے آلہ قتل برآمد کر لیا۔
جائیداد کی لالچ میں خون سفید ہوگیا، ہربنس پورہ میں بیٹے نے مکان کے تنازع پر ماں اور بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم شہزاد نے ماں اور بھائی اختر کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا۔ واردات کے بعد ملزم شہزاد تھانہ میں پیش، پولیس نے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا کر تفتیش شروع کر دی۔
ملزم کی بیوی اور بیٹے کا کہنا ہے کہ ایک عرصے سے گھر میں جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔ شہزاد نے طیش میں آ کر اپنی ماں اور بھائی کو قتل کر دیا۔ ایس ایچ او تھانہ ہربنس پورہ ناصر حمید کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم شہزاد نے جائیداد کے تنازع پر ماں اور بھائی کو قتل کیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔