بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر میں ڈاکوؤں نے بیوپاری کو لوٹ لیا، سانگلہ ہل میں شہری کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل فون سے محروم کر دیا گیا جبکہ اوکاڑہ میں 3 ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا۔
بہاولنگر کے علاقے چک 39 تھری آر میں مویشی خریدنے کیلئے آنے والے بیوپاری سے مسلح ڈاکوؤں نے 8 لاکھ روپے کی نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان لوٹ لیا، واردات کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ شخص کی درخواست پر قانونی کارروائی شروع کر دی۔
دوسری جانب سانگلہ ہل شہر میں 2 ڈاکوؤں نے تاجر کو سر راہ روک کر ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے، متاثرہ شخص نے پولیس کو قانونی کارروائی کیلئے درخواست دے دی جس کے بعد ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ادھر اوکاڑہ کے علاقے تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں پولیس نے کارروائی کر کے ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزم راہزنی سمیت مختلف نوعیت کی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔