کراچی: لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد کے قتل کا مقدمہ درج

کراچی: لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد کے قتل کا مقدمہ درج

گزشتہ رات ہونے والے واقعے کا مقدمہ مقتول عطااللہ کے کزن اسفندیار کی مدعیت میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت عطاءللہ اور ثمرین کے نام سے کی گئی، مقتولین کا آبائی تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا ،2 سال قبل پسند کی شادی کی تھی، مقتولین پسند کی شادی کرنے کے بعد لاہور اور پھر کراچی منتقل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: میوہ شاہ مسجد کے قریب فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، خاتون زخمی

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ مقتولین نے لیاری میں ایک نجی ہوٹل میں بھی قیام کیا، نجی ہوٹل میں قیام کے بعد مقتولین نے نیپیئر کے علاقے میں کرائے پر مکان بھی حاصل کیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولین کلفٹن سی ویو کے قریب شاپنگ مال سے رکشے میں سوار ہو کر لیاری پہنچے تھے جہاں انہیں گولیوں کا نشانہ بنایاگیا، قتل میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔