لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے کورونا وائرس کے باعث گھروں میں قرنطینہ کیے ہوئے مداحوں کو فراغت کے لمحات میں پسندیدہ فلمیں دیکھنے کا مشورہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق قرنطینہ کے دوران نت نئے مشاغل میں مصروف سیلیبرٹیز فالوورز کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں، ایسے میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے مداحوں کو قیمتی مشورہ دیا اور انسٹا گرام پر اپنے پسندیدہ فلمی کرداروں کا ایک کولاج شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ کائنات کا تصور کریں جو آپ کے پسندیدہ فلمی ستاروں سے بھری ہو۔
ماہرہ کی جانب سے شیئر کئے جانے والے اس کولاج میں ہالی ووڈ کے کئی ستارے دیکھے جاسکتے ہیں جن میں فلم ریان گوسنلنگ، فلم لاسٹ اِن ٹرانسلیشن سے سکارلٹ جانسن، اٹرنل سن شائن آف دی سپاٹ لیس مائنڈ سے جِم کیری، جوکئین فونیکس اور فلم ایمیلی سے فرانسیسی اداکارآدرے توتو شامل ہیں۔
ماہرہ نے مداحوں کو بتایا کہ میں اپنی پسندیدہ فلم سے آغاز کر رہی ہوں، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا آپ ان میں سے کوئی سی بھی فلم دیکھیں، مایوس نہیں ہوں گے۔
ماہرہ کی پسندیدہ فلم ایمیلی اداکارہ جین پیئر جیونٹ کی 2001ء میں بنائی جانے والی فرانسیسی فلم ہے جو ایک نوجوان ویٹرس کی زندگی پر مشتمل ہے، وہ لوگوں کو خوشی دینے کیلئے ان کی مدد کا فیصلہ کرتی ہے، خوشی پھیلانے کیلئے جستجو اسے اس سفر کی طرف لے جاتی ہے جہاں وہ سچی محبت پالیتی ہے۔