لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار و ہدایتکار شمعون عباسی نے 'نئے پاکستان'کے حکام سے اداکارہ میرا کی مدد کی اپیل کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکار شمعون عباسی نے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اداکارہ میرا کے ساتھ بیٹھیں اور ان سے پوچھیں کہ انہیں کیا مدد درکار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ میرا نے کہا تھا کہ اگر ان کو فلم بنانے کے لئے پیسے نہ دیئے گئے تو وہ خودکشی کرلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:فلم بنانے کیلئے پیسے دو ورنہ خودکشی، میرا کی دھمکی
اپنے انسٹاگرام پیغام میں شمعون عباسی نے میرا کے اس بیان پرلکھا کہ میں آپ سب کے نوٹس میں لانا چاہتا ہوں کہ ہماری سپر سٹار میرا جی کو ہماری توجہ کی اشد ضرورت ہے۔،وہ اس وقت ذہنی یا مالی اعتبار سے مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔
اداکارو ہدایتکار نے نئے پاکستان‘ کے حکام سے اپیل کی کہ وہ میرا کے ساتھ بات چیت کریں اور پتہ کریں کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے کن چیزوں کی ضرورت ہے۔
شمعون عباسی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مزید لکھا کہ پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں لاکھوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایک فلم سپانسر کرنے میں زیادہ مسئلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ دہائیوں سے ہمیں محظوظ کر رہی ہیں اور ان کی ذاتی زندگی کیسی ہے اور ان کے مسائل کیا ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
میرا کے بیان پر شمعون عباسی نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ سب کو ایک دن پچھتانا پڑے یہ سوچ کر کہ ہم نے اس سب کو مذاق میں اڑا دیا تھا۔
خیال رہے کہ اداکارہ میرا 90 کی دہائی سے پاکستانی اردو اور پنجابی فلموں اور ڈراموں میں کام کر رہی ہیں جبکہ 2005 میں انہوں نے انڈین فلم ’نظر‘ میں بھی کام کیا تھا۔
گزشتہ تقریباً دو سالوں میں میرا کی کوئی فلم یا ڈرامہ ریلیز نہیں ہواجبکہ ان کی آخری فلم 2019 میں نشر کی گئی تھی جس کا نام باجی تھا۔