خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان اور اینکر رابعہ انعم ان دنوں رمضان ٹرانسمیشنز کی میزبانی کے باعث خاصی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
بطور نیوز کاسٹر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی رابعہ انعم بعد ازاں لائیو شوز اور رمضان نشریات کی میزبانی کی طرف آگئیں۔
رابعہ انعم نہ صرف میڈیا سے وابستہ ہیں بلکہ کاروبار بھی کرتی ہیں، جس کے باعث وہ اکثر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفر میں رہتی ہیں۔
چند روز قبل رمضان نشریات کے دوران وہ جذباتی ہوگئی تھیں اور آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکیں، اس موقع پر انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر اور بچے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں اور موجودہ عالمی حالات کے باعث وہ ان کی سلامتی کے حوالے سے شدید فکرمند ہیں۔
تاہم حال ہی میں انہوں نے ٹک ٹاک پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہا ہے۔
ویڈیو میں رابعہ انعم نے مسکراتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ یہ بہت ضروری معلومات ہے کہ میں آج اس رمضان کا اپنا پہلا سموسہ کھا رہی ہوں کیونکہ میرے انسٹرکٹر بہت سخت ہیں۔
اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ اگر وہ واقعی اپنے خاندان کے لیے پریشان تھیں تو اب اتنی بے فکری کیوں دکھا رہی ہیں، جبکہ کچھ افراد نے اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا، تاہم کچھ مداحوں نے میزبان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو مشکل حالات کے باوجود خوش رہنے کا حق ہے۔