خلاصہ
- لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی ضلع کچہری میں جوا ایپ کی تشہیر کے الزام پر یوٹیوبر الرحمن عرف ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کیخلاف دائر درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں بینک اکاؤنٹس کو بحال کرنے کا حکم دیا گیا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران کوئی ایسا ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہو کہ مذکورہ بینک اکاؤنٹس جوئے کی ایپ کی تشہیر سے حاصل ہونے والی رقم کے لین دین کے لیے استعمال ہوئے ہوں، عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قانون کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس فوری طور پر بحال کیے جائیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر نے تحقیقات کے دوران ملزم کے اکاؤنٹس بلاک کیے تھے، تاہم تفتیشی رپورٹ میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ اکاؤنٹس کو مزید بلاک رکھنے کی ضرورت نہیں۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد احتیاطی طور پر اکاؤنٹس بلاک کیے گئے تھے اور این سی سی آئی اے کی جانب سے اکاؤنٹس کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات یا خدشات ظاہر نہیں کیے گئے۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد یوٹیوبر ڈکی بھائی اپنے بینک اکاؤنٹس کا مکمل استعمال دوبارہ کر سکیں گے۔