خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق کے حوالے سے رپورٹ تیار کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے خلاف تاحال کوئی رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امام الحق سے متعلق رپورٹ تیار کیے جانے کی خبریں درست نہیں اور ایسی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈریسنگ روم لیکس اور دیگر معاملات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم اس مرحلے پر کسی بھی کھلاڑی کے خلاف رپورٹ تیار نہیں ہوئی۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ تحقیقات کے حوالے سے سامنے آنے والی قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو حقائق کے طور پر پیش نہ کیا جائے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے عمل میں سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر ہی کسی حتمی نتیجے تک پہنچا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو مبینہ ڈریسنگ روم لیکس کے معاملے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیش ہونا پڑا تھا، جہاں دونوں کھلاڑیوں سے انگلینڈ سیریز کے دوران ڈریسنگ روم کی حساس معلومات کے مبینہ اخراج اور موبائل فونز سے متعلق معلومات پر پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
اس معاملے میں کھلاڑیوں کے موبائل فونز کے فرانزک سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم پی سی بی نے واضح کردیا ہے کہ فی الحال کسی بھی کھلاڑی کے خلاف کوئی رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔
دوسری جانب محمد رضوان بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کررہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس معاملے پر نیوز کانفرنس کرسکتے ہیں۔