لاہور: (دنیا نیوز) عید الاضحیٰ کے موقع پر بسیار خوری کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہوگئی جس سے شہر کے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔
گیسٹرو کی علامات جیسے پیچش، قے، پیٹ کی درد اور پانی کی کمی نے عید کی خوشیوں میں غم کی لہر ڈال دی ہے۔
گزشتہ دو روز میں لاہور شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 17 ہزار سے زائد مریضوں نے ہسپتالوں کا رخ کیا، میو ہسپتال میں دو روز میں 5 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، جناح ہسپتال میں 37 سو سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 3 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں بھی دو ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر گوشت کی زیادہ مقدار اور غیر ضروری طور پر کھانے پینے کی عادت نے شہریوں کو گیسٹرو کی طرف مائل کر دیا ہے، شہری پانی کی کمی سے بچنے، خوراک میں احتیاط اور صاف ستھری خوراک استعمال کریں۔