خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی/ایڈز کے خاتمے کیلئے علاج کے ساتھ مؤثر آگاہی پر توجہ دینا ہوگی۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت انسداد ایچ آئی وی/ایڈز کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں ایچ آئی وی کی موجودہ صورتحال، پروگرام پر عملدرآمد اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی، کامن مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ، صوبائی سیکرٹریز صحت اور متعلقہ حکام کے علاوہ چاروں صوبوں کے ہیلتھ کیئر کمیشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اِسی طرح وزیراعظم ٹاسک فورس کی منظور شدہ سفارشات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، پنجاب اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشنز نے انسداد ایچ آئی وی/ایڈز کے حوالے سے جاری اقدامات اور پیش رفت پر بریفنگ دی، جبکہ یو این ڈی پی نے انسداد ایچ آئی وی/ایڈز کے لیے جاری آگاہی مہم سے متعلق فورم کو آگاہ کیا۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے علاج کے ساتھ بچاؤ، احتیاطی صحت اور مؤثر آگاہی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، ایچ آئی وی سے متعلق علاج اور دیگر ضروری معلومات کے لیے قومی صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیر صحت نے وزارتِ تعلیم کے تعاون سے انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول اور عطائیت کے خاتمے کو نصاب کا حصہ بنانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ ضروری ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کہ وزیراعظم ٹاسک فورس کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایچ آئی وی/ایڈز کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مؤثر اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے ہدایت کی کہ تمام ہیلتھ کیئر کمیشنز فیلڈ میں معائنہ اور نگرانی کا مؤثر نظام یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشنز ایچ آئی وی/ایڈز کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے فیصلوں اور کارروائیوں پر عملدرآمد بھی یقینی بنائیں۔