سوات: (دنیا نیوز) سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہریوں میں خوف و ہراس، کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے گھروں سے نکل آئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی۔
خیبرپختونخوا کے سوات سمیت مختلف علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، 4.2 کی شدت سے آنے والے زلزلے کا مرکز پاک، افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 20کلومیٹر تھی۔ حکام کے مطابق زلزلے سے کسی شخص کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے چند روز اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔ ارضیاتی ماہرین کے مطابق سال 2019 میں 256 زلزلے آئے جبکہ ماہ اگست میں سب سے زیادہ زلزلے آئے جن کی تعداد 32 تھی، زیادہ تر زلزلوں کا مرکز کوہ ہندو کش رہا۔