خلاصہ
- اگنائٹ کے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز نے لندن میں عالمی ایوارڈ اپنے نام کر لیا، کامن ویلتھ ٹیلی کمیونیکیشنز آرگنائزیشن کی جانب سے ملنے والا اعزاز پاکستان میں نئے کاروباروں، جدت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کا عالمی اعتراف ہے۔
ٹیکنالوجی کی مدد سے نئے کاروبار شروع کرنے اور انہیں ترقی دینے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے، اس عالمی پذیرائی کا ایک اہم مظہر اگنائٹ - نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز (NICs) پروگرام کو لندن میں منعقدہ کامن ویلتھ ٹیلی کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (CTO) ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈز 2026 میں ملنے والا ڈیجیٹل پالیسی و ریگولیٹری ایکسیلنس ایوارڈ ہے۔
CTO کی 125 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر پیش کیا جانے والا یہ ایوارڈ جدت، کاروباری سرگرمیوں اور ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے فروغ میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرز پروگرام کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے، پاکستان نے مزید دو شعبوں میں بھی اعزازات حاصل کئے اور تنظیم کے 56 رکن ممالک میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
یہ کامیابی ایک جامع، پائیدار اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کی تشکیل کیلئے پاکستان کے بڑھتے ہوئے عزم کی عکاسی ہے۔
قیادت اور وژن
یہ اعزاز وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ کے مؤثر قیادت کا اعتراف ہے، ان کی سربراہی میں ٹیکنالوجی سے وابستہ کاروباروں کی حوصلہ افزائی، اداروں کے درمیان تعاون اور آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
نوجوانوں کی صلاحیتوں کو آگے لانے، اسٹارٹ اپ کے نظام کو مضبوط بنانےاور ڈیجیٹل معیشت میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے وفاقی وزیر کے اقدامات، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے’’ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان‘‘کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔
وزارت کی رہنمائی میں اگنائٹ نے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز (NIC) پروگرام کو ایک اہم قومی منصوبے کے طور پر آگے بڑھایا ہے، اس پروگرام کے ذریعے باصلاحیت نوجوانوں کو ضروری وسائل، ماہرین کی رہنمائی اور کاروباری روابط فراہم کئے جا رہے ہیں، تاکہ وہ ٹیکنالوجی پر مبنی نئے کاروبار شروع کر سکیں اور اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکیں۔
عالمی سطح پر حاصل ہونے والا یہ اعزاز اس بات کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ حکومتی پالیسیوں میں تسلسل، اداروں کی مؤثر کارکردگی اور سرکاری و نجی شعبوں کا باہمی تعاون پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کیلئے نہایت اہم ہے۔
جدت سے روزگار اور معاشی ترقی
ملک بھر میں قائم نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کاروباری افراد کو اپنے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں، جہاں انہیں کاروباری تربیت، تجربہ کار ماہرین کی رہنمائی، مختلف صنعتوں سے رابطوں اور ممکنہ سرمایہ کاروں تک رسائی میں مدد ملتی ہے۔
یہ پروگرام حکومت کی مالی معاونت اور نجی شعبے کی مہارت کو یکجا کر کے نئے اور تخلیقی خیالات کو کامیاب اور منافع بخش کاروبار میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس کے فوائد صرف انفرادی کاروباروں تک محدود نہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تحقیق کی حوصلہ افزائی اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے یہ منصوبہ پاکستان میں علم اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
یہ ایوارڈ Ignite کی قیادت، نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کے منتظمین ،شراکت داراداروں، ماہرین، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کی مشترکہ کوششوں کا بھی اعتراف ہے، جو پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی ترقی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب اہم پیش رفت
سی ٹی او (CTO) کی جانب سے ملنے والا یہ اعزاز محض ایک عالمی کامیابی نہیں، بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ نئے کاروبار کے لیے سہولیات کی فراہمی، اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور جدید ٹیکنالوجی میں مسلسل سرمایہ کاری سے ملک کی معاشی ترقی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔
پاکستان کیلئے یہ کامیابی مختلف صنعتوں کے ساتھ تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی سے وابستہ کاروباری افراد کی مسلسل معاونت کے ذریعے معاشی ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنے کا ایک اہم اقدام ہے۔
پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز (NIC) پروگرام کی کامیابی ایک حوصلہ افزا مثال ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے مؤثر اقدامات اور تعاون سے نجی شعبے کی صلاحیتوں کوبروئے کار لا کر ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
پاکستان میں ٹیکنالوجی کا روشن مستقبل اس کے باصلاحیت اور تخلیقی سوچ رکھنے والے افراد اور انہیں آگے بڑھانے کیلئے فراہم کئے جانے والے مواقع سے وابستہ ہے۔
اگنائٹ کا نیشنل انکیوبیشن سینٹرز (NIC) پروگرام ان صلاحیتوں کو کامیاب کاروبار، جدید ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس پروگرام کی کامیابیوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔