کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی، فلائٹ آپریشن مکمل

Last Updated On 06 August,2020 10:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں اور لاک ڈاؤن میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فلائٹ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

خصوصی فلائٹ آپریشن کے تحت 5 سو سے زائد ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے 3 لاکھ 4 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا گیا۔ 3 لاکھ پاکستانی خصوصی فلائٹ آپریشن، 4 ہزار 329 پاکستانی زمینی راستوں کے ذریعے وطن واپس پہنچے۔

کرائسز مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے دنیا نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق خصوصی فلائٹس کے ذریعے 2 ہزار تبلیغی جماعت کے افراد، 1 ہزار 326 زائرین اور بیرون ملک جیلوں میں قید 1 ہزار 745 پاکستانیوں کی واپسی ہوئی۔

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے واپسی کیلئے شروع آپریشن کے تحت متحدہ عرب امارات سے 1 لاکھ 54 ہزار، سعودی عرب سے 63 ہزار 595 اور قطر سے 17 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہوئی۔

اومان سے 11 ہزار 729، بحرین سے 4 ہزار 469، ترکی سے 6 ہزار 339، برطانیہ سے 7 ہزار 122، امریکا سے 1 ہزار 702، چین سے 2 ہزار 520 پاکستانی واپس پہنچے جبکہ کویت سے 2 ہزار 314 اور کرغزستان سے 8 ہزار 110 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران خصوصی آپریشن کے تحت افغانستان سے 4 ہزار 98 اور ایران سے 1 ہزار 80 پاکستانی وطن واپس پہنچے۔ اسی طرح بھارت سے 418، افغانستان سے 2987 اور ایران سے 924 پاکستانیوں کو زمینی راستے سے وطن واپس لایا گیا۔

 

Advertisement