کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
جام مدد علی کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔ جام مدد علی کئی روز سے نجی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔ جام مدد علی کو تشویشناک حالت میں آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا۔ جام مدد علی سندھ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین بھی تھے۔ جام مدد علی سانگھڑسے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جام مدد علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا جام مدد علی اچھے بہترین انسان اور اچھے دوست تھے۔
دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 92 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 296 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 304 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 8 ہزار 822، سندھ میں ایک لاکھ 53 ہزار 51، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 472، بلوچستان میں 16 ہزار 274، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 416، اسلام آباد میں 23 ہزار 122 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 139 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 48 لاکھ 47 ہزار 105 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 923 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 21 ہزار 563 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 219 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 37 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 92 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 455، سندھ میں 2 ہزار 718، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 303، اسلام آباد میں 250، بلوچستان میں 155، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 118 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔