کراچی: (دنیا نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر عوام کا ایس او پیز پر عمل حکومت کی حکمت عملی کی کامیابی ہے حکومت اور عوام باہمی تعاون سے جلد اس وبا پر کنٹرول حاصل کرلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنرہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل ،وفاقی وزراءاسد عمر، علی حیدر زیدی ،سینیٹر سیف ابڑو، رکن قومی اسمبلی جے پرکاش، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زمان ، بلال غفار ، سعید آفریدی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، اسد عمر کی کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات میں پیشرفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث کورونا میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ عید کے موقع پر عوام کا ایس او پیز پر عمل حکومت کی حکمت عملی کی کامیابی ہے حکومت اور عوام باہمی تعاون سے جلد اس وبا پر کنٹرول حاصل کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوروناسے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ ایس او پیز کے مطابق زندگی گزارنا ہے۔۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے عوام ویکسین ضرور لگوائیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عید کے ایام میں عوام کی جانب سےاحتیاط کا مظاہرہ کیا قابل ستائش ہے۔