لیہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی یکساں تقسیم حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات لیہ میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداران سے ملاقات میں کی۔ ملاقات میں اراکین نے وزیراعظم کو متعلقہ حلقوں کے عوامی مسائل اور ان کے حل کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کو جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے اس خطے پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے تاریخی ترقیاتی کاموں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوار اور زرعی اجناس کی اچھی قیمت سے کسان خوشحال ہوا ہے. اسکے علاوہ کسان کارڈ سے چھوٹے زمینداروں کو براہِ راست سبسڈی کے مثبت اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیرِاعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور خاص طور پر تھل جیپ ریلی کیلئے 3 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ مزید لیہ میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے 6 نئے کالجز، اور ایک یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ ایک نئے ریسکیو سینٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو گردو نواح کی آبادیوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔وزیرِاعظم نے اراکین سے صاف پانی کی فراہمی، دریائی کٹاؤ سے بچاؤ کیلئے حفاظتی منصوبے اور بجلی فراہمی کے منصوبوں کی تفصیلات طلب کرلیں اور ہدایات جاری کیں کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
اس کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ امیر و غریب کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا اور لوگوں کو غربت سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، افسوسناک بات یہ ہے کہ گزشتہ حکومتیں پنجاب کے کچھ اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں کو نظر انداز کرتی رہیں، موجودہ حکومت کی خصوصی ترجیح ترقیاتی منصوبوں کی یکساں تقسیم ہے۔