لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیز اور کالجز 12 جولائی سے 31 جولائی تک بند رہیں گی۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو امتحانات لینے کی اجازت ہوگی۔ بورڈز امتحانات شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: طلبہ کیلئےخوشخبری،پنجاب حکومت کا سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت پنجاب نے گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر صوبہ بھر کے سکولوں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا تھا۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکول بروز جمعرات مورخہ یکم جولائی سے یکم اگست 2021ء تک بند رہیں گے۔
مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ میری تمام والدین سے گزارش ہے کہ تمام بچے اور ان کے اہلخانہ گورنمنٹ کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کےاسکولوں میں بھی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں 18 جولائی سے 2 اگست تک گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔ وفاقی تعلیمی اداروں نے پریپ سے ساتویں کلاس کے بچوں کو پرموٹ کر دیا ہے جبکہ آٹھویں کے مخصوص مضامین میں امتحانات کی ڈیٹ شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔